ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل ہائی وے پر اندوہناک سڑک حادثہ؛ اسکوٹر سے گرتے ہی لاری سر پر چڑھ گئی، موقع پر موت

بھٹکل ہائی وے پر اندوہناک سڑک حادثہ؛ اسکوٹر سے گرتے ہی لاری سر پر چڑھ گئی، موقع پر موت

Sun, 11 Jul 2021 13:04:06    S.O. News Service

بھٹکل 11 جولائی (ایس او نیوز)  بھٹکل میں پیش آئے ایک اندوہناک سڑک حادثہ میں ایک شخص کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی جس کی شناخت مدینہ کالونی جامعہ آباد روڈ کے رہنے والے  عبدالقادر اشتیاق گنگاولی  (44) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ حادثہ  بھٹکل تعلقہ پنچایت آفس کے بالمقابل نیشنل ہائی وے 66 پر  اتوار دوپہر قریب  12 بجے پیش آیا۔

موقع پر موجود ایک عینی شاہد نے بتایا کہ اسکوٹر  شمس الدین سرکل سے   اولڈ بس اسٹینڈ  کی طرف جارہی تھی کہ  غالباً  پیچھے موجود لاری جو مینگلور کی طرف جارہی تھی،    اس کی اسکوٹر  کو چھوگئی جس کے نتیجے میں  اسکوٹر سوار کا توازن بگڑ گیا اور وہ  نیچے گرپڑا،  نیچے گرتے ہی لاری کا پہیہ اسکوٹر سوارکے سر پر سے گذر گیا جس کی وجہ سے موقع پر ہی اس کی موت واقع ہوگئی۔اصل میں  ٹکر لگتے ہی  اسکوٹر سوار بائیں طرف گرا جس کی وجہ سے وہ پہئے کی زد میں آگیا، جبکہ اس کی اسکوٹر دائیں طرف گری، جس کی وجہ سے اسکوٹر کو کچھ نقصان نہیں پہنچا۔  ایک اور عینی شاہد نے بتایا کہ  یہ شخص کچھ دیر پہلے ہی کسی خاتون کو لے کر اسی روڈ سے  شمس الدین سرکل کی طرف گیا تھا، غالباً اُسے کہیں ڈراپ کرکے واپس آرہا تھاجس کے دوران یہ حادثہ پیش آیا۔

بتایا گیا ہے کہ اسکوٹر سوار نے ہیلمیٹ بھی پہن رکھا تھا، لیکن لاری کا پہیہ  سر پر  چڑھتے ہی  ہیلمیٹ کا بھی شیرازہ بکھر گیا۔ حادثے کے فووری بعد  ہائی وے پر کچھ دیر کے لئے ٹریفک نظام  رُک گیا، عوام بھی کثیر تعداد میں جمع ہوگئے،   جبکہ  پولس  بھی فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچ گئی اور مقامی لوگوں کی  مدد سے نعش کو پوسٹ مارٹم کے لئے  بھٹکل سرکاری اسپتال منتقل کیا اور ٹریفک نظام کو بحال کیا۔

اشتیاق  کے تعلق سے پتہ چلاہے کہ  وہ ایک غریب خاندان سے تعلق رکھتا تھا ،   اس کے والد   مدینہ کالونی میں پراٹھا  بیچتے ہیں، وہ   ان کا ہاتھ بٹھاتا تھا، ساتھ ساتھ  خالی اوقات میں وہ مچھلیاں  گھر گھر لے جاکر بیچتا تھا۔ حادثے کےوقت اس کے اسکوٹر پر لگے تھیلے  میں جھینگے پائے گئے جو حادثہ کےبعد روڈ پر گرے ہوئے تھے۔

 


Share: